ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایشورپانے بی جے پی کی اعلیٰ کمان کی وارننگ ٹھکرادی،سنگولی راینا برگیڈ کے جلسے میں شرکت

ایشورپانے بی جے پی کی اعلیٰ کمان کی وارننگ ٹھکرادی،سنگولی راینا برگیڈ کے جلسے میں شرکت

Wed, 07 Dec 2016 12:22:16    S.O. News Service

بنگلورو۔6؍دسمبر(ایس او نیوز) بی جے پی اعلیٰ کمان اور ریاستی بی جے پی صدر وسابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈیورپا کی وارننگ کو دھتکارتے ہوئے ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کے اپوزیشن لیڈر کے ایس ایشورپا نے آج حسب اعلان سنگولی راینا برگیڈ کے جلسے میں شرکت کی ۔سنگولی راینا برگیڈ کی طرف سے آج مجاہدہ آزادی سنگولی راینا کو انگریز حکومت کی طرف سے برسر عام پھانسی دئے جانے کی یاد میں منعقدہ جلسہ میں ایشورپا نے شرکت کرتے ہوئے اپنے لئے پارٹی کے عتاب کو کھل کر دعوت دی ہے۔ حالانکہ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری رام موہن اور ریاستی بی جے پی انچارج مرلی دھر راؤ کے علاوہ ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے ایشورپا کو متنبہ کیا تھاکہ کسی بھی حال میں وہ سنگولی راینا برگیڈ کے جلسے میں شرکت نہ کریں ، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہوگی۔ تاہم ان تمام وارننگوں کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے ایشورپا نے آج اس جلسے میں حصہ لیا اور سنگولی راینا برگیڈ کے ایک ہزار سے زائد نئے کنوینروں کو ان کی ذمہ داریوں کے متعلق حلف برداری کروائی۔ جلسے میں مختلف مٹھوں کے سربراہوں کی شرکت بھی بی جے پی کیلئے ناقابل یقین ثابت ہوئی۔ ایشورپا نے جلسے کا آغاز اس درخت کی پوجا کے ساتھ کیا جہاں پر انگریزوں نے سنگولی راینا کو پھانسی پر چڑھایا تھا۔اس جلسے میں ایشورپا کے علاوہ بی جے پی لیڈران ویرو پاکشپا ، سوگوڈو شیونا ،رویندرا ناتھ ، سومنا بیونمرد ، مکڑپا ، چنمیا سوامی جی اور دوسروں نے شرکت کی۔


Share: